حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جامعۃ المصطفی العالمیہ نمائندگی پاکستان کے زیر اہتمام قرآن و حدیث کے 18 ویں سالانہ مقابلوں کی سالانہ تقریب اختتامی تقریب کے دوران بزرگ عالم دین سربراہ دارالعلوم الجعفریہ کربلا، خوشاب علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کو ان کی علمی ، دینی تدریسی اور تربیتی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں علماء کرام فضلاء و طلاب کی بڑی تعداد شریک تھی۔
جامعۃ المصطفی العالمیہ نمائندگی پاکستان کے زیر اہتمام قرآن و حدیث کے 18 ویں سالانہ مقابلوں کی سالانہ تقریب میں ملک بھر سے جید و بزرگ علماء کرام، فضلاء، طلبہ اور ہزاروں مومنین نے شرکت کی اور ملک العلماء علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جس کی صدارت قائدِ محترم علامہ سید ساجد علی نقوی نے کی۔ اس موقع پر قائدِ محترم نے ملک العلماء علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کو ان کی طویل علمی و دینی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی علمی عظمت، تدریسی خدمات، دینی بصیرت اور تربیتی کردار کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور ان کی خدمات کو علمِ محمد و آلِ محمد (ص) کی ترویج و اشاعت اور نسلِ نو کی دینی و فکری تربیت کے حوالے سے قابلِ قدر قرار دیا۔
اس موقع پر مولانا انیس الحسن خان نے علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی شخصیت اور علمی خدمات کا جامع تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت علامہ کی زندگی علم و عمل، گفتار و کردار اور تدریس و تربیت کے حسین امتزاج کی عکاس ہے۔ علامہ ملک اعجاز حسین نجفی نے اپنی زندگی کے 68 سال نہج البلاغہ کی تدریس اور دینی علوم کی تعلیم و ترویج کے لیے وقف کیے۔ ان کے درس سے متعدد طلبہ نے استفادہ کیا اور ان کی تربیتی رہنمائی سے کئی نسلوں نے علمی و دینی میدان میں اپنی خدمات انجام دیں۔

مقررین نے کہا: پیرانہ سالی اور علالت کے باوجود علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کا تدریسی سلسلہ جاری رکھنا ان کے عزم، شوقِ تدریس اور خدمتِ دین سے غیر معمولی وابستگی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی شخصیت صرف ایک مدرس کی نہیں بلکہ مربی، معلم، رہنما اور صاحبِ منبر عالمِ دین کی جامع تصویر ہے۔ انہوں نے منبر کو اصلاحِ معاشرہ، بیداریِ فکر اور تربیتِ نسل کے لیے مؤثر ذریعہ بنایا اور دینداری، خودداری، حقیقت پسندی، شرافتِ کردار اور اصول پسندی جیسے اوصاف کی ہمیشہ تلقین فرمائی۔
تقریب میں دارالعلوم الجعفریہ کربلا، خوشاب کے ساتھ علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی طویل وابستگی اور اس ادارے کی علمی و تربیتی خدمات کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ یہ ادارہ ان کی علمی بصیرت، مسلسل جدوجہد اور تربیتی فکر کا عملی ثمر ہے۔ اس موقع پر علامہ ملک اعجاز حسین نجفی کی صحت و سلامتی، عافیت اور طولِ عمر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شرکائے محفل نے کہا کہ ملک العلماء علامہ ملک اعجاز حسین نجفی نے اپنی زندگی کے بہترین شب و روز علومِ محمد و آلِ محمد (ص) کی خدمت، نہج البلاغہ کی تعلیم و ترویج، طلبہ کی تربیت اور ملت کی فکری و دینی رہنمائی میں صرف کیے ہیں اور ان کی خدمات دینی و علمی حلقوں کے لیے گراں قدر سرمایہ ہیں۔









آپ کا تبصرہ